ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں جے ڈی ایس کو غیر معمولی حمایت حاصل ہو رہی ہے - ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک

بھٹکل میں جے ڈی ایس کو غیر معمولی حمایت حاصل ہو رہی ہے - ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک

Fri, 28 Apr 2023 21:51:46    S.O. News Service

بھٹکل،29 / اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقہ کے لئے جنتا دل ایس امیدوار ایڈوکیٹ ناگیندرا نائک نے بوتھ لیول کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے عوام تبدیلی چاہتے ہیں اور علاقے کی ترقی کے بارے میں سوچتے ہیں جس کی وجہ سے میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ بھٹکل ہوناور حلقہ میں جنتا دل ایس کو غیر معمولی حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ 
    
انہوں نے کہا  کہ پارٹی کے اندر تنظیمی استحکام نہ ہونے کے باوجود عنایت اللہ شاہبندری کے آشیرواد اور عوام کی حمایت کی وجہ سے اس مرتبہ الیکشن میں جے ڈی ایس امیدوار کی جیت یقیینی ہے ۔ میں نے اپنے طور پر حلقہ کی ترقی کے لئے منصوبے بنائے ہیں ۔ بے روزگاری کے مسائل ہیں ۔ صنعت کاری کے لئے مواقع فراہم کرنا ہے ۔ آبادی کے لحاظ سے یہاں رہائشی زمین کی کمی ہے ۔ یہ ایسے مسائل نہیں ہیں جو حل نہیں ہو سکتے ہوں ۔ اگر میری جیت ہوتی ہے تو میں ضرور ان مسائل کو حل کرنے کے منصوبوں پر عمل کروں گا۔ 
    
مجلس اصلاح و تنظیم کے صدر اور جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہبندری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھٹکل حلقہ کو ایک بہترین امیدوار ملا ہے ۔ ان کے منصوبوں سے واقعی بھٹکل کو ترقی ملے گی ۔ 2013 میں عوام نے جے ڈی ایس کا ساتھ دیا تھا اور اسے انتخاب میں دوسرا مقام ملا تھا ۔ میں امید رکھتا ہوں کہ اب عوام کا آشیرواد سے پہلا مقام ملے گا ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی والے کہتے ہیں کہ ترقی نہیں چاہیے ۔ ترقی کرنے کا ارادہ نہیں ہے تو پھر انتخاب میں کیوں اترتے ہو ۔ ہمیں بھٹکل میں ترقی چاہیے ۔ امن و امان چاہیے ۔ اور وہ صرف جے ڈی ایس پارٹی سے ہی ممکن ہے۔ 
    
اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی ایس امیدوار ناگیندرا نائک نے بتایا کہ چونکہ اس حلقہ میں تمام طبقات کی طرف سے جے ڈی ایس کو حمایت مل رہی ہے اس لئے ان کا مقابلہ بی جے پی امیدوار کے ساتھ نہیں ہے بلکہ اس وقت جے ڈی ایس اور کانگریس پارٹی امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہونے والا ہے ۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ پری پول سروے بھی ضلع شمالی کینرا میں جے ڈی ایس جیت نہیں دکھائی جا رہی ہے تو انہوں نے کہا کہ یہ سروے میرے امیدوار بن کر سامنے آنے سے پہلے ہوئے تھے ۔ اب میرے بھٹکل میں آجانے کے بعد پوری تصویر بدل گئی ہے۔ 
    
پروگرام کے دوران اسٹیج پر جے ڈی ایس بھٹکل تعلقہ صدر منجوناتھ گونڈا، انچارج ضلع صدر مناف مرزانکر، سرسی  کے اقلیتی لیڈر سید مجیب، پانڈو نائک وغیرہ موجود تھے۔ 


Share: